اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت ہوئی، تاہم عدالت نے کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اپیلوں کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران سلمان صفدر نے اسلام آباد میں راستوں کی بندش اور ٹریفک کی صورتحال کا معاملہ عدالت کے سامنے اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عدالت پہنچ گئے ہیں، تاہم وکیل لطیف کھوسہ راستوں کی بندش اور ٹریفک جام کے باعث عدالت نہیں پہنچ سکے۔
وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق ایک عدالتی حکم کے خلاف وفاقی آئینی عدالت سے بھی رجوع کیا گیا ہے اور درخواست آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلوں پر کارروائی آگے بڑھتی ہے تو وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست غیر مؤثر ہو سکتی ہے۔
سلمان صفدر نے موجودہ سیاسی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے دوران سیاسی درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے اور ایسے وقت میں کیس مقرر نہیں ہونا چاہیے تھا۔
وکیل نے عدالت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے باعث وہ خود کو اسلام آباد میں محفوظ محسوس نہیں کر رہے جبکہ دسمبر 2025 سے بشریٰ بی بی سے ان کا رابطہ منقطع ہے۔
بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
Lahore 26°C
Karachi 28°C


