بوسٹن: امریکی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے بین الاقوامی طلبہ اور غیر ملکی صحافیوں کے ویزوں کی مدت محدود کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

میساچوسٹس ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج ڈینس سیلر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ امریکی حکومت متعلقہ ویزا پروگرام میں بڑے پیمانے پر دھوکا دہی یا قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی۔

عدالت نے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) کی جانب سے ویزوں کی مدت محدود کرنے کے فیصلے کو من مانی قرار دیتے ہوئے متعلقہ ضابطے کو کالعدم کر دیا۔

یہ مقدمہ رواں سال اگست میں متعدد یونیورسٹیوں اور میڈیا تنظیموں کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جنہوں نے حکومت کے اس اقدام کو چیلنج کیا تھا۔

جج ڈینس سیلر کے مطابق امریکی کانگریس نے غیر ملکی طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی اجازت دی ہے، تاہم محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا نیا اقدام اس مقصد کی حوصلہ شکنی کا باعث بن سکتا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد بین الاقوامی طلبہ اور غیر ملکی صحافیوں کے لیے ویزا اسٹیٹس کی مدت سے متعلق سابقہ نظام برقرار رہے گا۔ اس کے تحت ایف (F)، جے (J) اور آئی (I) ویزا رکھنے والے افراد اپنی متعلقہ قانونی حیثیت برقرار رہنے تک امریکہ میں قیام کر سکتے ہیں۔

ایف ویزا بین الاقوامی طلبہ، جے ویزا ایکسچینج پروگرام کے شرکا جبکہ آئی ویزا غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو جاری کیا جاتا ہے۔

میساچوسٹس ایسوسی ایشن آف انڈیپنڈنٹ کالجز اینڈ یونیورسٹیز کے صدر رابرٹ جے میک کیرون نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی طلبہ امریکی تعلیمی اداروں میں تحقیق، تعلیمی سرگرمیوں اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی ویزوں کا اجرا متعلقہ حکام کی صوابدید پر ہوتا ہے اور ویزا حاصل کرنے کے باوجود درخواست گزار کو امریکی امیگریشن قوانین اور مقررہ شرائط کی پابندی کرنا ہوتی ہے۔