پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ آصف کے بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست کے بجائے ان کے ہسپتال منتقل کیے جانے کی حمایت کرنی چاہیے۔

اسد قیصر نے ایک بیان میں کہا کہ اعظم نذیر تارڑ کو یاد رکھنا چاہیے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے جیل میں قیام کے دوران انہیں متعدد مرتبہ علاج اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

انہوں نے نواز شریف کے علاج سے متعلق مختلف تاریخوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2019 میں انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال سمیت مختلف مقامات پر طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ بعد ازاں انہیں بیرونِ ملک علاج کے لیے جانے کی اجازت بھی دی گئی۔

اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں کو تسلیم کیا اور انسانی حقوق کی حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں جیل جانے والے اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف مقدمات اس دور میں قائم نہیں کیے گئے بلکہ وہ پہلے سے موجود مقدمات تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں کو عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی حمایت کرنی چاہیے۔

اسد قیصر کے مطابق عمران خان کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، اس لیے اس معاملے کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر انسانی بنیادوں پر دیکھا جانا چاہیے۔