اسلام آباد: بشریٰ بی بی نے جیل میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور صفائی کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی صحت سے متعلق خدشات سامنے رکھ دیے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی جانب سے الگ الگ بیاناتِ حلفی جمع کرائے گئے ہیں، جن میں بشریٰ بی بی سے ملاقات کے دوران ان کی جانب سے بتائی گئی صحت اور جیل کی صورتحال سے متعلق تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
بیانِ حلفی کے مطابق بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے ان کی آنکھوں میں درد تھا، جس کے باعث وہ روزانہ پیناڈول اور ایک دوسری دوا استعمال کر رہی تھیں۔ بار بار شکایت کے باوجود ماہر ڈاکٹروں نے تقریباً سات سے آٹھ روز کی تاخیر سے ان کا معائنہ کیا۔
بشریٰ بی بی کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں بتایا ہے کہ انہیں ایک اور سرجری سے گزرنا ہوگا۔ طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آپریشن کے بعد آنکھ میں انفیکشن ہونے کی صورت میں ان کی بینائی مستقل طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے جیل میں رہائش کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک بڑے ہال نما کمرے میں رکھا گیا ہے، تاہم وہاں صفائی اور پانی کی نکاسی کا انتظام انتہائی خراب ہے۔ کمرے میں اکثر چوہے اور دیگر کیڑے مکوڑے، جن میں لال بیگ بھی شامل ہیں، موجود رہتے ہیں۔
بیان کے مطابق بشریٰ بی بی نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل ان کے کمرے میں سانپ پایا گیا تھا، جسے جیل کے ایک ملازم سبطین نے مار کر باہر نکالا۔ واقعے کے بعد کمرے کے متاثرہ حصوں میں سیمنٹ بھر دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ کمرے میں کیڑے مکوڑوں کے کاٹنے کے باعث جلد پر خارش اور دانے نکلنے کے واقعات بھی معمول ہیں۔ ان کے مطابق صفائی کی خراب صورتحال متوقع آنکھوں کی سرجری اور اس کے بعد انفیکشن کے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے۔
بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ جیل میں دستیاب ڈیوٹی ڈاکٹر یا میڈیکل آفیسر ماہرِ امراضِ چشم نہیں بلکہ گائناکالوجسٹ ہیں، جس کے باعث ان کی طبی ضروریات کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔
بیانِ حلفی میں بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جیل میں رہائش کا موجودہ ماحول ان کی صحت، آنکھوں کی بیماری اور متوقع آپریشن کے پیش نظر موزوں نہیں ہے۔
Lahore 17°C
Islamabad 12°C


