اسلام آباد : وفاقی آئینی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ سمیت ملک کی مختلف عدالتوں سے ریکارڈ طلب کرلیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ کیس میں تین قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کی طرح نجی اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کرنے کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 175E کی ذیلی شق 5 کے تحت وفاقی آئینی عدالت آئینی تشریح سے متعلق سوال پر ملک کی کسی بھی عدالت کا ریکارڈ طلب کرسکتی ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ آئین اور قانون کا اطلاق امیر اور غریب پر یکساں ہونا چاہیے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ میں اس معاملے پر اعتراض اٹھایا گیا تھا؟ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کیے بغیر حکم دیا تھا، جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے سپریم کورٹ میں اعتراض بھی اٹھایا تھا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے سوال کیا کہ کیا سپریم کورٹ کو درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کا معاملہ پہلے طے نہیں کرنا چاہیے تھا؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ بالکل ایسا ہی ہے۔
اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ آئینی تشریح کا اختیار اب وفاقی آئینی عدالت کے پاس ہے۔
اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سپریم کورٹ میں زیرِ التوا معاملہ فوجداری نوعیت کا ہے، جبکہ وفاقی آئینی عدالت کے سامنے کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم فی الحال عبوری نوعیت کا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ اصل سوال اختیارِ سماعت کا ہے، یعنی آئینی تشریح اور بنیادی حقوق سے متعلق معاملہ اب کون سی عدالت سن سکتی ہے۔
ملک بھر سے متعلقہ مقدمات کا ریکارڈ طلب
وفاقی آئینی عدالت نے عمران خان کی شفا اسپتال منتقلی سے متعلق معاملے میں سپریم کورٹ سے ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے ملک بھر کی عدالتوں سے بھی اسی نوعیت کے تمام مقدمات کا ریکارڈ منگوا لیا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ اگر کسی ہائیکورٹ میں اس نوعیت کا کوئی مقدمہ زیرِ التوا ہے تو اس کا ریکارڈ بھی وفاقی آئینی عدالت کو بھجوایا جائے۔
عدالت کے مطابق یہ معاملہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے نتیجے میں پہلے ہائیکورٹ اور بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت کے سامنے آیا۔
وفاقی آئینی عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
Lahore 33°C
Karachi 33°C
Islamabad 33°C


