اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 7 روز کے لیے ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں عدالت نے اپیلوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی ہدایت پر ان کی عمران خان سے ملاقات ہو چکی ہے، جبکہ انہوں نے اور بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے حلف نامے بھی عدالت میں جمع کرا دیے ہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ سماعت پر یہ طے ہو چکا تھا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق معاملہ وفاقی آئینی عدالت دیکھے گی۔ انہوں نے وکلا کو یاد دلایا کہ ان کے بیانِ حلفی کے مطابق آج اپیلوں پر دلائل کا آغاز ہونا تھا اور ملاقات کی درخواست بھی پوری کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، اس لیے پہلے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق معاملات سنے جائیں۔

چیف جسٹس نے یقین دہانی کرائی کہ عدالت اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے مکمل انصاف فراہم کرے گی اور وکلا سے اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات اپنی جگہ، تاہم القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر کارروائی آگے بڑھائی جائے۔

دورانِ سماعت لطیف کھوسہ نے بشریٰ بی بی کے جیل میں قیام سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے سیل سے سات چھوٹے سانپ برآمد ہوئے تھے، جنہیں جیل اہلکار سبطین نے مار دیا اور بعد ازاں اس جگہ سیمنٹ لگا دیا گیا۔

وکیل نے بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں ضمانت دی جائے کیونکہ جیل میں مختلف بیماریوں کا خطرہ موجود ہے اور سرجری کے بعد وہاں انفیکشن ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ضمانت ملنے کے باوجود بشریٰ بی بی عدالت کی تحویل میں رہ سکتی ہیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کو ضرورت کے مطابق اسپیشلسٹ ڈاکٹر فراہم کیا جائے اور ان کے سیل میں سہولیات سے متعلق شکایات بھی دور کی جائیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے ضمانت سے متعلق خدشات کو مفروضوں پر مبنی قرار دیا۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی کارروائی براہِ راست نشر کرنے کی استدعا بھی کی۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 7 روز کے لیے ملتوی کر دی۔