اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری وجاہت کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے خارج کرنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
جسٹس محمد اعظم خان نے شہری وجاہت کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راجہ ضمیر الدین عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد مکمل کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے رپورٹ بھی پیش کردی گئی ہے۔
عدالت نے عملدرآمد رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری وجاہت کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر شہری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے نام خارج کرنے کے حکم پر عملدرآمد کے لیے آج تک کی مہلت دی تھی۔
Lahore 29°C


