اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق توہین عدالت کیس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو 15 روز کے اندر نادرا کے ذریعے ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری محمد شریف کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کو پالیسی کے مطابق نادرا ای بیلٹنگ اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا عمل 15 روز میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں چیئرمین سی ڈی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے وضاحت طلب کی جائے گی۔
تحریری حکم نامے کے مطابق سی ڈی اے کے وکیل نے 29 جنوری 2026 کو عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ایک ماہ کے اندر درخواستوں کا جائزہ لے کر متعلقہ افراد کو نادرا ای بیلٹنگ میں شامل کیا جائے گا۔ اس بیان کی بنیاد پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی تھی۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ اینڈ ری ہیبلیٹیشن سی ڈی اے کا 26 جنوری 2026 کا خط بھی عدالت میں پیش کیا۔ خط کے مطابق ممبر اسٹیٹ اور ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے کی منظوری سے ایک ماہ کے اندر نادرا بیلٹنگ کے ذریعے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد سی ڈی اے اپنے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی پابند ہے۔
سی ڈی اے کے وکیل کاشف ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ معاملے کے بعض پہلوؤں کی مزید وضاحت درکار ہے اور اتھارٹی اس حوالے سے اضافی مواد عدالت میں پیش کرے گی۔
کیس میں سی ڈی اے کی جانب سے کاشف ملک جبکہ درخواست گزار کی جانب سے حسنین حیدر تھہیم نے پیروی کی۔
Lahore 25°C
Islamabad 24°C


