اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی، جبکہ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو دونوں وکلا کی اپنے مؤکلین سے ایک گھنٹے کی ملاقات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس کی سربراہی میں سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے بیرسٹر سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ انہوں نے دوبارہ نئی درخواست کیوں دائر کی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ ہو چکا ہے، جبکہ صحت سے متعلق معاملات سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے بیان حلفی جمع کرایا گیا تھا کہ آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل شروع کیے جائیں گے۔ اس موقع پر سردار لطیف کھوسہ نے وضاحت کی کہ ان کی جانب سے عدالت سے صرف عمران خان سے ملاقات کی استدعا کی گئی تھی اور ملاقات ہونے کے بعد وہ التوا نہیں مانگیں گے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی عمران خان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے انہیں تحمل سے اپنی بات سنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عدالت نے وکلا کو وقت بھی دیا اور ملاقات کا انتظام بھی کیا، اب اپیلوں پر دلائل کا آغاز کیا جائے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے استفسار کیا کہ کیا وہ وکلا کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کروا سکتے ہیں؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات ہو چکی ہے۔
بعد ازاں بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ حالیہ ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنے بلڈ پریشر کے مسلسل زیادہ رہنے کی شکایت کی اور بتایا کہ ان کا بلڈ پریشر 190 تک پہنچ رہا ہے، جس سے انہیں برین ہیمرج کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں اچانک اڈیالہ جیل طلب کیا گیا اور تقریباً سات ماہ بعد عمران خان جبکہ 11 ماہ بعد بشریٰ بی بی سے ملاقات کا موقع ملا۔ دونوں سے مختصر وقت کی ملاقات میں اپیلوں سے متعلق تمام معاملات پر مشاورت ممکن نہیں ہو سکی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیلوں کا مکمل ریکارڈ اور پیپر بکس بھی فراہم نہیں کی گئیں، اس لیے تیاری کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔
انہوں نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بھی عدالت کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ملاقات کے دوران وہ کالا چشمہ پہنے ہوئے تھیں۔ چشمہ اتارنے پر ان کی آنکھ میں زخم دکھائی دیا۔ وکیل کے مطابق بشریٰ بی بی نے بتایا کہ انہیں چھ ماہ قبل علاج کے لیے لے جایا گیا تھا۔
سلمان صفدر نے عدالت سے بشریٰ بی بی کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور آنکھوں کے فوری معائنے و علاج کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ صحت سے متعلق پہلے سے دائر درخواستوں کو بھی سنا جائے تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ مرکزی اپیلوں پر دلائل دے سکیں۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے 29 جون سے اپیلوں کی سماعت کے لیے کوشش کی ہے اور وکلا کو مطلوبہ وقت بھی فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکیل چاہیں تو دو یا چار گھنٹے دلائل دیں، لیکن آج اپیلوں پر دلائل شروع کیے جائیں۔
تاہم سماعت کے دوران وکلا کی جانب سے ملاقات اور تیاری کے لیے وقت کی استدعا کے بعد عدالت نے اپیلوں کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کروانے کا حکم بھی دے دیا۔
Lahore 23°C
Islamabad 20°C


