اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض دور ہونے کے بعد درخواست کو نمبر الاٹ کردیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے ابتدائی طور پر درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ توہین عدالت کے الزام کا سامنا کرنے والے فریقین کے خلاف الزامات کی فہرست درخواست کے ساتھ منسلک نہیں کی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 18 اگست کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا، اسی لیے توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق فسیلیٹیشن سینٹر میں رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، جہاں انہیں درخواست پر اعتراض عائد کیے جانے سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اعتراض دور کرکے درخواست دوبارہ دائر کی جائے گی اور کوشش ہوگی کہ متعلقہ بنچ تشکیل دے کر معاملے کی جلد سماعت کی جائے۔
بعد ازاں ذرائع نے بتایا کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کردیا گیا اور درخواست دوبارہ جمع کرادی گئی۔ رجسٹرار آفس نے عظمیٰ خان کی توہین عدالت درخواست کو 8/2026 نمبر بھی الاٹ کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیے، کیونکہ عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ کو ہر ہفتے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے۔
عظمیٰ خان کی جانب سے دائر درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ان کے طبی معائنے و ضروری میڈیکل ٹیسٹ کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔
Lahore 31°C


