اسلام آباد: اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس کے نام لکھے گئے خط پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان کی صحت، جیل میں مبینہ ناروا سلوک اور بنیادی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کو طویل تنہائی میں رکھنا، اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالنا اور مناسب طبی سہولیات فراہم نہ کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی زیرِ حراست شخص کو علاج، وکیل تک رسائی اور منصفانہ سماعت جیسے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان کے ساتھ جیل میں مبینہ سلوک اور بیرونی دنیا سے رابطے کی بندش کی تفصیلات انسانی حقوق اور جیل قوانین کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کرتی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ان حالات کا موازنہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کو پیش آنے والی صورتحال سے بھی کیا۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا، جبکہ ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور علاج سے متعلق عدالتی ہدایات پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کی بینائی کو لاحق خدشات اور انہیں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی میں مبینہ رکاوٹوں پر بھی تشویش ظاہر کی۔
مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کے طبی ریکارڈ تک رسائی اور ان کے مناسب علاج کو یقینی بنایا جائے، جبکہ عمران خان کو فوری طبی سہولیات فراہم کرکے عدالتی حکم کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔
دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی کہ عمران خان کے خط میں اٹھائے گئے معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان کی زندگی، صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اعلامیے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے تمام مقدمات کی شفاف، غیر جانب دارانہ اور بروقت سماعت کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مقدمات کو بلاجواز التوا میں رکھنا اور کسی شخص کو غیر معینہ مدت تک قانونی کارروائیوں میں الجھائے رکھنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے واضح کیا کہ ان کا مطالبہ کسی خصوصی رعایت کا نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا انصاف کے حصول کے لیے چیف جسٹس کو لکھا گیا خط پورے نظامِ انصاف کے لیے ایک امتحان ہے، لہٰذا اعلیٰ عدلیہ کو دیر ہونے سے پہلے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
Lahore 17°C
Islamabad 12°C


