اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے چیف جسٹس صاحبان کے نام خط میں انصاف کی فراہمی اور فوری طبی سہولیات دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے انصاف دیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس آئینی عدالت، چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام یہ خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے تحریر کیا گیا ہے۔
خط میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ججز صاحبان سے کوئی غیر معمولی رعایت طلب نہیں کر رہے بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی چاہتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر وہ زندہ رہے تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکیں گے، اس لیے انہیں بروقت انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے خط میں انکشاف کیا کہ 10 نومبر کو ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ گیا تھا، جس پر ڈاکٹر نے دل کے دورے اور برین ہیمرج کے شدید خطرات سے آگاہ کیا۔
خط کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اگست کو انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے، طبی معائنے اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیا تھا، تاہم بانی پی ٹی آئی کے مطابق ان احکامات پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بینائی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ریٹنا الگ ہونے کے باوجود انہیں مناسب طبی سہولیات اور علاج فراہم نہیں کیا جا رہا۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ انہیں طویل عرصے سے تنہائی میں رکھا گیا ہے اور جیل قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق پورے سال کے دوران انہیں وکلا سے ملاقات کے لیے صرف چار مرتبہ اجازت دی گئی۔
Lahore 17°C
Islamabad 12°C


