بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافے کی اطلاعات، اروناچل پردیش میں دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان حالیہ دنوں میں ٹکراؤ ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔
بھارتی بارڈر فورس کے سربراہ شتروجیت کپور نے راجستھان میں ایک سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اروناچل پردیش میں مختلف مقامات پر بھارتی فورسز کا چینی فوج کے ساتھ ٹکراؤ ہوا ہے اور صورت حال تاحال جاری ہے۔
انہوں نے اس موقع پر شوریہ کمانڈوز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں تشکیل دی گئی یہ فورس سرحدی علاقوں میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق شوریہ کمانڈوز نے اروناچل پردیش میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے، جبکہ مستقبل میں ان کی مکمل بٹالین تشکیل دینے کا منصوبہ بھی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر گشت اور دیگر سرحدی معاملات کے حل کے لیے دونوں ممالک کے مقامی فوجی کمانڈروں کے درمیان مذاکرات ہوچکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق صورت حال پر قابو پانے اور سرحدی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے اروناچل پردیش کے متعدد سرحدی علاقوں میں بھارتی فورسز کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔
دوسری جانب بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرحدی صورت حال اور قومی سلامتی سے متعلق اس اہم معاملے پر عوام کو اعتماد میں لیں۔
سرحدی کشیدگی کے تناظر میں بھارتی فورسز اور چینی فوج کے درمیان حالیہ ٹکراؤ کی اطلاعات نے دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورت حال پر نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
Lahore 30°C
Karachi 34°C


