اسلام آباد: یادگار فتح مونومنٹ تقریب، ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے یادگار فتح مونومنٹ کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب کے پیش نظر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے۔
ٹریفک پلان کے مطابق الشفاء ہسپتال سے فیڈرل بورڈ کی جانب جانے والی سروس روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ بیکن ہاؤس سے فیض احمد فیض روڈ اور جعفر خان جمالی روڈ کی جانب جانے والا راستہ بھی بند رکھا جائے گا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب منتقل کیا جائے گا۔ صاحبزادہ عبدالقادر روڈ سے سیکٹر آئی-8 سروس روڈ ایسٹ کی طرف ٹریفک کو ڈائیورٹ کیا جائے گا، جبکہ الشفاء سگنل سے میر چاکر روڈ کی جانب بھی ٹریفک کی روانی متبادل راستے پر منتقل کی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بند راستوں سے بچنے کے لیے میر چاکر روڈ، پطرس بخاری روڈ اور سیکٹر آئی-8 مین ڈبل روڈ کو بطور متبادل راستہ استعمال کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تقریب کے دوران اپنی گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
شہری ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے آئی ٹی پی ریڈیو ایف ایم 92.4 اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز سے بھی آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔
Lahore 26°C


