اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا ہے کہ میڈیا آزاد ہے، عدلیہ پر تنقید ہو یا تعریف، صحافی اپنا کام آزادی سے کریں۔
ہائیکورٹ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کے علاوہ جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجا انعام امین منہاس نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے میڈیا نمائندگان کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہائیکورٹ میڈیا سینٹر کا قیام آزاد میڈیا کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو عدلیہ کے حوالے سے تنقید یا تعریف، دونوں کا حق حاصل ہے اور صحافی آزادانہ طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
افتتاحی تقریب میں پراسیکیوٹر جنرل منظور احمد ججہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ، رجسٹرار یار محمد ولانہ، ایڈیشنل رجسٹرار نور محمد مرزا اور ڈپٹی رجسٹرار سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن واجد گیلانی اور جنرل سیکرٹری بیرسٹر قاسم نواز عباسی بھی تقریب میں موجود تھے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے کورٹ رپورٹرز اور دیگر لا افسران نے بھی شرکت کی۔
نئے میڈیا سینٹر کے قیام سے ہائیکورٹ کی عدالتی کارروائی اور اہم قانونی امور کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو کام کے لیے بہتر سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔
Lahore 34°C


