اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نئی ماڈل جیل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف آئندہ چند روز میں اس کا افتتاح کریں گے۔ جیل فعال ہونے کے بعد اسلام آباد کے قیدیوں کو یہاں منتقل کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ نئی جیل میں قیدیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس جیل میں بیک وقت 3 سے 4 ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہوگی۔
وزیر داخلہ سے سوال کیا گیا کہ کیا سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بھی نئی جیل میں منتقل کیا جائے گا؟ اس پر محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام قیدیوں کو نئی جیل منتقل کیا جائے گا۔
جیلوں میں منشیات کی موجودگی سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نئی جیل کو ہر لحاظ سے مثالی بنانے کی کوشش کی جائے گی اور وہاں سخت نگرانی کا نظام ہوگا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے کہ نئی جیل سے رہائی پانے والا ہر قیدی بہتر انسان بن کر نکلے گا، تاہم قیدیوں کی نگرانی کے حوالے سے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
Lahore 23°C
Islamabad 20°C


