پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف بلے باز جاوید میانداد اپنے سابق ساتھی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور گفتگو کے دوران ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔
ایک انٹرویو میں جاوید میانداد نے عمران خان کے ساتھ اپنے طویل عرصے پر محیط تعلق اور کرکٹ کے میدان میں ساتھ گزارے وقت کو یاد کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ موجودہ معاملات کو محاذ آرائی کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ عمران خان بھی اسی ملک کا شہری اور کسی کا بیٹا ہے، اس لیے مسائل کو غیر ضروری طور پر طول دینے کے بجائے تمام فریقین کو مل بیٹھ کر قابلِ قبول حل تلاش کرنا چاہیے۔
جاوید میانداد نے عمران خان کے ساتھ اپنی دیرینہ رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے طویل عرصہ ایک ساتھ کرکٹ کھیلی بلکہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کے دوران بھی ساتھ وقت گزارا۔
عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے جاوید میانداد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اکثر یہ خیال آتا ہے کہ ان کا سابق ساتھی کس کیفیت سے گزر رہا ہوگا۔
جاوید میانداد نے اس موقع پر زور دیا کہ ملک کے معاملات کو کشیدگی کے بجائے افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
Lahore 38°C
Karachi 30°C


