چیف جسٹس، جناب جسٹس امین الدین خان کے بیرونِ ملک دورے کے باعث جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا۔

اس سلسلے میں وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان میں حلف برداری کی ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں جسٹس عامر فاروق نے جسٹس سید حسن اظہر رضوی سے منصب کا حلف لیا۔ اس موقع پر وفاقی آئینی عدالت کے ججز صاحبان، رجسٹرار، افسران، منسٹری آف لا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے عہدہ داران بھی موجود تھے۔

حلف برداری کے بعد جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، تاکہ عدالت کے عدالتی و انتظامی امور کا تسلسل برقرار رہے اور آئینی انصاف کی فراہمی کا عمل بلا تعطل، مؤثر اور بروقت انداز میں جاری رہ سکے۔

یہ انتظام وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان کے ادارہ جاتی تسلسل، آئینی نظم و حکمرانی، عدالتی ذمہ داریوں کی بلا تعطل انجام دہی اور قانون کی حکمرانی سے وابستگی کا مظہر ہے۔ عدالت آئین کی بالادستی اور آئینی انصاف کے مؤثر نفاذ کے لیے اپنے آئینی و قانونی فرائض کی انجام دہی بدستور جاری رکھے گی۔