سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے صوبوں کا قیام مثبت اقدام ہوسکتا ہے، تاہم بنیادی اصلاحات کے بغیر اس عمل سے مسائل حل ہونے کے بجائے نئی پیچیدگیاں جنم لیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی اجارہ داریاں ختم ہونی چاہئیں، لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ بڑی سیاسی سلطنتوں کی جگہ چھوٹی بادشاہتیں قائم ہوجائیں اور اختیارات کا مرکز ایک ہی رہے۔ ان کے مطابق اس طرز حکمرانی سے ملک نہ بہتر انداز میں چل سکے گا اور نہ ترقی کرسکے گا۔

انہوں نے موجودہ نظام حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محض چھوٹے صوبے بنانے سے نظام کی خامیاں دور کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے پہلے شفاف اور حقیقی نمائندہ جمہوریت کو یقینی بنایا جائے، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور سرمایہ دارانہ بالادستی کا خاتمہ کیا جائے، جبکہ تعلیم یافتہ متوسط طبقے کے لیے سیاست میں آگے آنے کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

خواجہ سعد رفیق نے سول سروس اور عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک میں شدید سیاسی کشیدگی، دہشت گردی، غربت، کمزور نظام انصاف، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت جیسے مسائل موجود ہیں۔ ان حالات میں چھوٹے صوبے تشکیل دینے سے ایک غیر مستحکم نظام وجود میں آسکتا ہے، جو مزید پیچیدگیوں کا باعث بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بنیادی مسائل میں بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی، بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں، سیاسی انتقام اور غیر آئینی اقدامات شامل ہیں، اس لیے سب سے پہلے ان مسائل کا خاتمہ ضروری ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عجلت میں چھوٹے صوبوں کے قیام جیسے مثبت اقدام کو متنازع بنانے سے گریز کیا جائے اور اس معاملے پر سنجیدہ غور و خوض اور اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔