پشاور: خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او آرڈیننس 1960 کے تحت اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3(1) کے تحت اختیارات دیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر پیشگی کارروائی کو یقینی بنانا اور انتظامی تاخیر کو کم کرنا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ تفویض کردہ اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ ان اختیارات کا کسی صورت غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے امن، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔