اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر اور سندھ و بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ارکان کی خالی آسامیوں پر فوری تقرریاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے خط میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور سندھ و بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ارکان کی آئینی مدت 26 جنوری 2026 کو مکمل ہو چکی ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کے اہم آئینی عہدوں کو مزید تاخیر کے بغیر پُر کیا جائے۔

خط کے مطابق آئین کے آرٹیکل 213(2A) کے تحت چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ضروری ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218(2B) کے تحت الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے بھی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت لازم ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن میں خالی آسامیوں پر نامزدگیوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں رہنماؤں کے درمیان فوری ملاقات کا اہتمام کیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر کے مطابق الیکشن کمیشن کی آزادی، ساکھ اور آئینی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ان عہدوں پر بروقت تقرریاں ضروری ہیں۔

محمود خان اچکزئی نے خط میں اس معاملے کو آئینی تقاضوں کے مطابق فوری طور پر آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔