اسلام آباد: پارلیمانی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج اہم قانون سازی کا امکان ہے، حکومت ضمنی ایجنڈے کے ذریعے ایک اہم بل ایوان میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بل کو آج ہی قواعد معطل کرکے منظور کرانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے اپنے تمام اراکین کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق مجوزہ بل کو پہلے وفاقی کابینہ سے منظوری دلائی جائے گی، جس کے بعد اسے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت بل کی منظوری کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ رات صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مجوزہ قانون سازی اور پارلیمانی معاملات پر مشاورت کی گئی، تاہم بل کی نوعیت اور اس کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں لائی گئیں۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت آج قومی اسمبلی میں مطلوبہ حمایت حاصل کرکے بل کی منظوری کی کوشش کرے گی۔