نائجیریا: ملک کی جنوب مغربی ریاست اوندو میں فضائیہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 32 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
نائجیریا کے صدر بولا ٹینوبو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے فضائیہ کو واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
نائجیرین فضائیہ کے مطابق طیارہ معمول کے مشن پر بینن سٹی سے ملک کے تجارتی مرکز لاگوس کی جانب محوِ پرواز تھا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے طیارہ اوندو ریاست کے علاقے اِگبوکوڈا میں حادثے کا شکار ہوگیا۔
صدارتی دفتر کے مطابق طیارے میں 25 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے، تاہم حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔ وزیرِ ہوا بازی فیسٹس کیامو کے مطابق طیارہ ایک بحری اڈے کے قریب گرا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ حکام کے مطابق طیارہ گرنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
صدر ٹینوبو نے تحقیقات کے ذریعے حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مقامی رہائشی ڈایو اکینٹے کے مطابق حادثے کے وقت ایک زور دار آواز سنائی دی، جسے انہوں نے ابتدا میں گرج چمک سمجھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں ایک مقامی ماہی گیر نے طیارے کے گرنے کی اطلاع قریبی بحری اڈے اور علاقے کے رہائشیوں کو دی۔
اِگبوکوڈا، اوندو ریاست کے ضلع اِلاجے میں واقع ہے، جو نائجیریا کے تیل پیدا کرنے والے علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
Lahore 27°C
Karachi 27°C


