اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ اس نوعیت کا واقعہ ناقابلِ تلافی ہے، آتشزدگی کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک واقعے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ والدین کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔