اسلام آباد: وزیراعظم نے 14 اگست کی سرکاری تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کی بگھی میں آمد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دونوں افسران کے طرزِ عمل پر ناپسندیدگی اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزیراعظم کی ہدایت پر چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو الگ الگ تحریری انتباہ جاری کر دیا ہے۔ دستاویز کے مطابق افسران کی بگھی میں آمد سے مراعات اور نمود و نمائش کا تاثر پیدا ہوا، جس پر وزیراعظم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق یہ طرزِ عمل عوامی خدمت کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہے۔ سرکاری افسران عوام کی امانت کے طور پر عہدے سنبھالتے ہیں اور ان سے عاجزی، ضبط، وقار اور درست فیصلوں کی توقع کی جاتی ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایسے طرزِ عمل سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مجروح ہوتا ہے، اس لیے اعلیٰ افسران کے لیے متوقع طرزِ عمل کے معیار کی پاسداری ضروری ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کہا کہ بالخصوص دارالحکومت کے انتظامی سربراہ سے اعلیٰ ترین معیار کے طرزِ عمل کی توقع کی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے دونوں افسران کو فرائض کی انجام دہی میں محتاط رہنے اور آئندہ ایسا طرزِ عمل نہ دہرانے کی ہدایت کی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسران کو وزیراعظم کی ہدایات پر حرف بہ حرف عمل کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
14 اگست کی سرکاری تقریب میں دونوں افسران کی بگھی میں آمد پر عوامی سطح پر بھی سخت تنقید سامنے آئی تھی۔
Lahore 34°C
Karachi 30°C
Islamabad 34°C

