اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف سے پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمانی نظام کا حصہ بن کر قانون سازی اور انتخابی اصلاحات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کے دوران پارلیمانی امور، ملکی سیاسی صورتحال اور انتخابی اصلاحات سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، مصطفیٰ نواز کھوکھر، عامر ڈوگر اور عادل بازئی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو قائمہ کمیٹیوں میں فعال ہونے کی دعوت دی گئی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

دونوں جانب سے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے رابطے بڑھانے اور انتخابی عمل میں شفافیت کے لیے انتخابی اصلاحات پر کام کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پیپلز پارٹی نے عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جمہوری اور پارلیمانی روایت کے مطابق قدم قرار دیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان کے عہدوں اور اداروں کا احترام کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ اور اس کی قائمہ کمیٹیاں مؤثر انداز میں کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں انتخابات کے طریقہ کار سے متعلق حکومت اور اپوزیشن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں، اس لیے تمام جماعتوں کو پارلیمان کے اندر رہتے ہوئے انتخابی اصلاحات کے عمل میں حصہ لینا چاہیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے اور پارلیمانی عمل سے دور رہنے کے بجائے اداروں کو مضبوط بنانے کی کوشش ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمانی کارروائی سے خود کو الگ رکھنا مناسب نہیں، پارلیمان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ سیاسی اور جمہوری طریقے سے کرنا ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ ان کی توجہ اس وقت کسی ان ہاؤس تبدیلی کے بجائے پارلیمنٹ کو مؤثر بنانے پر ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ پارلیمان اپنا آئینی و جمہوری کردار بھرپور انداز میں ادا کرے۔