اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی طبیعت خراب ہونے اور انہیں اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق نورین نیازی کو جیل سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم ان کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے اہلِ خانہ کو آگاہ نہ کرنے پر پارٹی نے مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ 70 سالہ نورین نیازی کی صحت کے بارے میں فوری طور پر واضح معلومات فراہم کی جائیں۔ پارٹی نے زور دیا ہے کہ انہیں ماہرینِ امراضِ قلب کی نگرانی میں بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں اور تمام ضروری طبی ٹیسٹ اور علاج بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔
تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ نورین نیازی کی بیماری کی تشخیص، علاج اور طبی صورتحال سے متعلق مستند معلومات فوری طور پر ان کے اہلِ خانہ کو فراہم کی جائیں، جبکہ خاندان کے افراد کو ان سے ملاقات اور خیریت دریافت کرنے کی اجازت بھی دی جائے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد کی صحت اور زندگی کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور سیاسی اختلافات کی بنیاد پر معمر خواتین کی صحت یا بنیادی حقوق کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔
پارٹی نے عمران خان کی ہمشیرہ سمیت زیرِ حراست خواتین کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کی عزت، انسانی وقار اور آئینی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔
پی ٹی آئی نے نورین نیازی کی مبینہ غیر قانونی نظر بندی کی وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور دیگر زیرِ حراست خواتین کو غیر ضروری حراست سے آزاد کیا جائے۔ پارٹی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نورین نیازی کی صحت اور زندگی سے متعلق معلومات ان کے اہلِ خانہ سے پوشیدہ نہ رکھی جائیں۔
تحریک انصاف نے عوام اور پارٹی کارکنان سے نورین نیازی کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
Lahore 31°C
Karachi 36°C
Islamabad 28°C


