اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کو فیصلہ سازی کے عمل سے الگ کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کو فیصلہ سازی سے مائنس کرنے کے حوالے سے کوئی اجلاس نہیں ہوا۔ انہوں نے ایسی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ پارٹی کے تمام فیصلے بدستور کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی ہی کر رہی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے وضاحت کی کہ کور کمیٹی، سیاسی کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی تین الگ الگ باڈیز ہیں۔ ان کے مطابق کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کی تجاویز پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھی جاتی ہیں، جہاں ارکانِ پارلیمنٹ کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر بھی غور کیا جاتا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام فیصلے کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی ہی کر رہی ہیں اور انہیں فیصلہ سازی سے الگ کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں ۔