پاکستان تحریک انصاف نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا سیاسی بیان بازی کا موضوع نہیں بلکہ ان کی زندگی، صحت، عزت اور بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک جانب اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، جبکہ دوسری جانب سپریم کورٹ نے انہیں شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے اور ماہر میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق اگر اڈیالہ جیل میں طبی سہولیات تسلی بخش تھیں تو سپریم کورٹ کو بانی پی ٹی آئی کی شفاء انٹرنیشنل منتقلی کا حکم دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کسی قسم کی سیاسی رعایت نہیں بلکہ سپریم کورٹ کا حکم ہے، جس پر حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر حکومت کو عدالتی حکم پر کوئی قانونی یا طبی اعتراض تھا تو اسے سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ ان کے بقول عدالتی حکم کے بعد وزراء کو پریس کانفرنسوں کے ذریعے اس پر شکوک و شبہات پیدا نہیں کرنے چاہئیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم میں بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کے ساتھ ماہر میڈیکل بورڈ سے ان کا معائنہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی طبی عمل میں شامل کیا جانا چاہیے، جبکہ ان کے اہلخانہ اور صاحبزادوں سے ٹیلی فونک رابطے کی سہولت بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کسی قسم کی انتظامی یا سیاسی رکاوٹ قابلِ قبول نہیں اور ریاستی اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ عدالتی احکامات پر من و عن عمل کریں۔
شیخ وقاص اکرم نے نواز شریف کے علاج کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سیاسی اختلافات کے باوجود انسانی بنیادوں پر ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا اور ان کے طبی علاج کے حق کو تسلیم کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنے قائد کے لیے طبی علاج کے حق کو تسلیم کرتے تھے، انہیں سیاسی مخالف کے اسی بنیادی حق کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ سیاسی اختلاف کسی فرد کے علاج، صحت اور عزت پر سمجھوتے کا جواز نہیں بن سکتا۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی اور صحت کو سیاسی مفادات کی نذر نہ کیا جائے اور سپریم کورٹ کے حکم پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل منتقل کیا جائے۔
Lahore 30°C
Karachi 28°C
Islamabad 29°C


