ٹی وی اینکر پرسن ربعیہ احسن کے پراسرار قتل کے مقدمے میں آج اہم پیش رفت متوقع ہے، جہاں مقتولہ کے اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ واپس لینے یا قانونی کارروائی جاری رکھنے کے حوالے سے صورتحال واضح ہونے کا امکان ہے۔

قتل کے الزام میں گرفتار گریڈ 18 کے سرکاری افسر احسن طاہر کو آج سینئر سول جج نصراللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزم اس وقت ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔

مقدمے میں دونوں فریقین نے اپنے وکلا کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ گرفتار ملزم احسن طاہر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس نے اپنی اہلیہ کو قتل نہیں کیا بلکہ گولی اتفاقیہ طور پر چلی تھی۔ اس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت موجود دونوں بیٹیاں اس حوالے سے حقائق کی تصدیق کرسکتی ہیں۔

ملزم نے تفتیشی افسر کے روبرو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کے تحت اپنا بیان بھی ریکارڈ کرا دیا ہے۔

واضح رہے کہ صحافی اور اینکر پرسن ربعیہ احسن خان 8 نومبر کو پراسرار حالات میں قتل ہوئی تھیں۔ واقعے کے بعد تھانہ صدر بیرونی پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے ابتدائی شواہد اکٹھے کرلیے تھے۔