راولپنڈی: تھانہ گوجر خان میں شہری کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک اور اسے جوتا مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ کانسٹیبل کو معطل کردیا۔

ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مکان پر مبینہ قبضے کے معاملے پر تنازع پیش آیا، جس کے بعد ون فائیو پر اطلاع ملنے پر دونوں فریقوں کو تھانہ گوجر خان منتقل کیا گیا۔

اسی دوران تھانے میں موجود ایک شخص، جس کی شناخت فیاض ججی کے نام سے ہوئی، پھٹے ہوئے کپڑوں اور بغیر جوتوں کے بیٹھا دکھائی دیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گفتگو کے دوران اس شخص اور وہاں موجود دیگر افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوتی ہے۔

ویڈیو کے مطابق اسی دوران ایک باوردی اور مسلح پولیس اہلکار ہاتھ میں جوتا لے کر شہری کے قریب پہنچتا ہے اور اس کے چہرے پر جوتا مار دیتا ہے۔ واقعے کے دوران اہلکار شہری کو خاموش رہنے کا حکم دیتا ہوا بھی سنائی دیتا ہے، جبکہ دیگر افراد کی آوازیں بھی ویڈیو میں موجود ہیں۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہری کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر سخت کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق تھانہ گوجر خان میں تعینات کانسٹیبل احتشام کو فوری طور پر معطل کرکے کلوز لائن کردیا گیا ہے جبکہ اسے چارج شیٹ بھی جاری کردی گئی ہے۔

سی پی او راولپنڈی نے ایس پی صدر کو واقعے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری پر تشدد، بدسلوکی یا غیر انسانی رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور واقعے میں ذمہ دار اہلکار کے خلاف قانون و ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔