اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود کو فراہم کی گئی سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر گزشتہ رات ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی پلاٹون واپس بلا لی گئی، جبکہ ان کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

اسی طرح مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی پر مامور ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا۔ اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔

سیکیورٹی برانچ ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق گزشتہ رات ہی پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی ختم کر دی گئی تھی، جبکہ آج صبح ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے کے ساتھ تعینات اہلکاروں کو واپس بلا لیا۔

دوسری جانب سیکیورٹی واپس لیے جانے کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قائدین اور کارکنوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کیا جائے گا۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ناکہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور بلا اشتعال کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے حکومت کو قانون کی حدود میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وکلا اور کارکن ہوشیار رہیں، قائدین کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی تمام سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ ایک طرف تھریٹ لیٹر جاری کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف سیکیورٹی واپس لی جا رہی ہے، حکومت اس اقدام سے کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟ انہوں نے خبردار کیا کہ جے یو آئی قیادت کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق قائد جمعیت کے پرسنل سیکریٹری مفتی ابرار اور ان کے اہل خانہ کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، جبکہ رات گئے مفتی ابرار کی گرفتاری کے نام پر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے۔

اسلم غوری نے مزید کہا کہ حکمران بتائیں کہ جے یو آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائیاں کیوں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قائد جمعیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔