اسلام آباد : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کے احتجاج کا اعلان مکمل مشاورت کے بعد کیا گیا ہے اور وہ خود اس احتجاج کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ احتجاج میں کم از کم 20 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ انہیں مذاکرات کی کوئی پیشکش نہیں کی جا رہی بلکہ صرف دھمکیاں مل رہی ہیں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر انہیں نااہل یا گرفتار کر لیا گیا تو پارٹی کا جھنڈا کوئی اور تھامے گا، اور اگر اسے بھی گرفتار کیا گیا تو جھنڈا کسی اور کے ہاتھ میں آ جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کچھ ویڈیوز بھی ریکارڈ کروا دی ہیں جن میں ان کی گرفتاری کی صورت میں پارٹی کے لیے ہدایات موجود ہیں۔
عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں گردش میں ہیں، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویشناک خبریں گردش کر رہی ہیں، جس کے باعث آج رات پارٹی قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اگر بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ سنگین ہوا تو ’’ایمرجنسی کال‘‘ کا اعلان کیا جا سکتا ہے، تاہم ایسی صورت میں بھی 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال برقرار رہے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پوری قیادت اس بات پر متفق ہے کہ مزاحمت کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اس بار جیت کی سوچ سے کشتیاں جلا کر نکلیں گے۔‘‘
احتجاج ایک دن یا ایک جگہ تک محدود نہیں ہوگا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ احتجاج نہ ایک دن کا ہوگا اور نہ ہی ایک جگہ تک محدود رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے اور وہ مسلح جتھوں کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے۔ عمران خان کی رہائی کیسز کی میرٹ پر سماعت اور قانونی و عدالتی عمل کے ذریعے چاہتے ہیں۔
سہیل آفریدی کے مطابق عمران خان کی ملاقاتوں کی بحالی پارٹی کا دوسرا بڑا مطالبہ ہے اور دونوں مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
’’ہماری جدوجہد پرامن ہوگی‘‘
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ ان کی جدوجہد پرامن ہوگی اور مسلح افراد کی پارٹی کی صفوں میں کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے مسلح کارروائی یا ایسی کوئی کوشش کی تو اسے خود قانون کے حوالے کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ مارچ کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام موصول ہونے کی صورت میں ہی آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
’’خیبر سے کراچی تک لوگوں کو متحرک کروں گا‘‘
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ وہ اسی ہفتے اپنے حلقے سے اسٹریٹ موومنٹ کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں اور خیبر سے کراچی تک لوگوں کو متحرک کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار پنجاب کو بھی باہر نکلنا ہوگا۔
سہیل آفریدی نے گزشتہ روز جیو نیوز پر اپنے انٹرویو کے حوالے سے نشر ہونے والی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انٹرویو کے حوالے سے بعض خبریں غلط رپورٹ کی گئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کے مارچ کا پہلا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قانونی طریقے سے رہائی ہے۔
Lahore 36°C
Karachi 30°C


