پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت مختلف اضلاع سے قافلے مرحلہ وار مارچ میں شامل ہوں گے۔

اعلان کے مطابق لانگ مارچ کا آغاز 4 اکتوبر کو لکی مروت کے گنڈی چوک سے ہوگا۔ پہلے روز ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت سے آنے والے قافلے دوپہر ایک بجے گنڈی چوک پر مارچ کا حصہ بنیں گے۔ شرکا رات کرک کے قریب قیام کریں گے۔

5 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کرک کے عوام بھی قافلے میں شامل ہوں گے، جس کے بعد لانگ مارچ ساڑھے 12 بجے کرک سے روانہ ہوگا اور رات کوہاٹ کے قریب قیام کیا جائے گا۔

6 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے قافلے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔ کوہاٹ سے قافلہ پشاور کی جانب روانہ ہوگا اور رات پشاور کے متنی کے قریب قیام کرے گا۔

7 اکتوبر کو پشاور کے بڈھ بیر سے دوپہر ساڑھے 12 بجے قافلہ روانہ ہوگا، جبکہ خیبر ضلع کے عوام بھی مارچ میں شامل ہوں گے۔ پشاور کے دیگر علاقوں سے آنے والے قافلے کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازہ کے مقامات پر مارچ کا حصہ بنیں گے۔ اس روز رات کا قیام چارسدہ انٹرچینج کے قریب ہوگا۔

8 اکتوبر کو لانگ مارچ چارسدہ انٹرچینج سے دوپہر ساڑھے 12 بجے روانہ ہوگا۔ اس موقع پر چارسدہ اور مہمند سے آنے والے قافلے بھی مارچ میں شامل ہوں گے۔

اعلان کے مطابق 8 اکتوبر کو خیبرپختونخوا بھر سے عوام خیرآباد میں جمع ہوں گے اور رات وہیں قیام کیا جائے گا۔ لانگ مارچ کے آئندہ مرحلے کے شیڈول کا اعلان خیرآباد میں ہی کیا جائے گا۔