پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرے گی اور اس مرتبہ 20 لاکھ کے بجائے 40 لاکھ افراد کو ساتھ لانے کا ہدف ہے۔
ہنگو میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے نظرانداز کیا، جو ان کے بقول عدلیہ اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ایک سنجیدہ سوال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کسی دوسرے ادارے کی جانب سے حکم جاری ہو تو فوری کارروائی کی جاتی ہے، لیکن عمران خان کے علاج کے لیے عدالت کی جانب سے دی گئی دو روز کی مہلت کے باوجود فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر عدالتیں طاقتور افراد کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لاسکتیں تو پھر کمزور اور مظلوم افراد کو سزا دینے کے معاملے پر بھی عدلیہ کو غور کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق ملک میں کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ قوانین نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شروع کردہ جدوجہد کا مقصد کمزور اور طاقتور دونوں کے لیے یکساں قانون کی بالادستی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کسان مشکلات کا شکار ہے جبکہ صنعتکار اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں، اس صورتحال پر نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے پی ٹی آئی کارکن خواتین کے خلاف مبینہ کارروائیوں پر بھی اظہارِ تشویش کیا۔ انہوں نے عمران خان کی بہنوں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس معاملے کو نظرانداز نہیں کرے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور 27 ستمبر کے لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔
Lahore 34°C
Karachi 28°C
Islamabad 30°C

