نئے صوبوں کی تشکیل کی بحث دراصل اختیارات کے مرکز کی تبدیلی کی بحث بن چکی ہے۔ قبل ازیں گزشتہ دو مارشل لا ادوار میں ان ادوار کے چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹرز اختیارات کی عوامی سطح پر منتقلی کے نام پر نچلی سطح تک اپنی رسائی اور سیاست دانوں کو عوام سے دور رکھنے کی یہ کوشش کامیابی سے کرتے رہے ہیں۔
اس مقصد کے لیے یہ بیان کیا جاتا تھا کہ عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر اور عوام کی سطح پر حل ہوں گے، مگر عملاً یہ بلدیاتی نمائندے یا بی ڈی ممبرز آمروں کے آلہ کار سے آگے نہ بڑھ سکے۔ اس طرح مارشل لا کے اختتام کے ساتھ یہ نظام نمائندوں سمیت ہی لپٹتا رہا۔ اگرچہ اس نظام کو اس کی روح کے مطابق اختیار کیا جائے تو عوام کی سہولت اور بھلائی کے لیے یہ نظام دنیا کے تمام جمہوری ممالک میں کامیابی سے چل رہا ہے۔
لیکن پاکستان میں جمہوری حکومتوں کے ساتھ ہمیشہ سے یہ مسئلہ رہا ہے کہ انہیں ڈیلیور ہی نہیں کرنے دیا جاتا۔ ڈھائی، تین اور ساڑھے تین سال کے بعد بعض حلقوں کو گورننس میں خامیاں یا کرپشن نظر آنی شروع ہو جاتی ہے اور کسی نہ کسی بہانے حکومت کی بساط لپیٹ دی جاتی ہے۔
موجودہ حکومت کے ابھی تین سال مکمل نہیں ہوئے کہ سسٹم کلیپس کا نعرہ لگا دیا گیا ہے اور مسئلے کا حل مزید صوبوں کا قیام تجویز کیا گیا ہے۔ منصوبے کے مطابق جن کے نئے نقشے بھی تیار کر لیے گئے ہیں، چار صوبوں کو بارہ صوبوں میں تقسیم کیا جانا ہے۔
اس حوالے سے ملک میں ایک گرما گرم بحث و مباحثے کا آغاز ہو چکا ہے، مگر اصل فورم جہاں یہ بحث ہونی چاہیے، وہاں اب تک یہ معاملہ باضابطہ طور پر پہنچا ہی نہیں، یعنی صوبائی اسمبلیاں، قومی اسمبلی اور سینیٹ۔
آئین کے تحت صوبوں کی تقسیم کا ایک طریقہ کار دستیاب ہے، جو کچھ یوں ہے:
صوبوں کی حدود بدلنے یا نیا صوبہ بنانے کا تعلق آرٹیکل 239 کی شق (4) سے ہے۔
- آرٹیکل 239(4): اگر کوئی آئینی ترمیمی بل کسی صوبے کی حدود تبدیل کرتا ہو تو اسے صدر کے پاس منظوری کے لیے اسی وقت بھیجا جا سکتا ہے جب متعلقہ صوبائی اسمبلی اسے اپنے دو تہائی ارکان کی اکثریت سے منظور کر لے۔ اس کے ساتھ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
- آرٹیکل 1(2): پاکستان کے علاقوں کی فہرست دیتا ہے، یعنی صوبے، وفاقی دارالحکومت اور دیگر شامل علاقے۔ نیا صوبہ بنانے کی صورت میں یہاں بھی ترمیم کرنا پڑتی ہے۔
یعنی کسی صوبے کی تقسیم اس کی اپنی صوبائی اسمبلی کی دو تہائی منظوری کے بغیر ممکن نہیں۔
آئین کی شقوں کا مطالعہ کریں، اس میں واضح طور پر کسی ابہام کے بغیر درج ہے کہ صوبے کی حدود تبدیل کرنے کے لیے آئینی ترمیم درکار ہوگی اور وہ بھی اس صورت میں کہ صوبائی اسمبلی صوبے کی حدود میں تخفیف یا اضافے کی قرارداد منظور کر لے، جس کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوان، قومی اسمبلی اور سینیٹ، اس کی دو تہائی اکثریت سے منظوری دیں گے تو یہ حتمی منظوری کے لیے صدر مملکت کے پاس جائے گا۔
موجودہ صورت میں آئینی طریقہ کار سے صوبوں کی تقسیم ممکن نہیں ہے کیونکہ سندھ اسمبلی پہلے ہی سندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ ہے۔ پاکستان میں طاقتور حلقوں کی راہ میں آئین رکاوٹ ہو تو اس آئین کی حیثیت سیلاب میں بہتے ہوئے تنکے سے زیادہ نہیں رہتی۔ بلاول تو واضح طور پر چلا رہے ہیں کہ صوبوں کی تقسیم کا طریقہ کار آئین میں درج ہے، اس پر عمل کیا جائے، لیکن سسٹم کلیپس کا نعرہ لگانے والے آئین کے بجائے ریفرنڈم کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
یہ راستہ ان حلقوں کی جانب سے تاریخ میں پہلے بھی دو بار استعمال کیا جا چکا ہے، جو نہایت آسان اور سو فیصد کامیاب راستہ ہے۔ دو مرتبہ ریفرنڈم کا راستہ جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف نے خود کو صدر بنانے کے لیے اختیار کیا، جس نے سو فیصد نتائج دیے، اور اب تیسری مرتبہ بھی یہی راستہ اختیارات کی سمت تبدیل کرنے کے لیے اختیار کیے جانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
لیکن ٹھہریے، میں نے تو تجزیے میں یہ کہہ دیا ہے کہ یہ منصوبہ اختیارات کا مرکز تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔ سسٹم کلیپس کا بگل بجانے والوں کا دعویٰ ہے کہ صوبوں کی تقسیم دراصل سسٹم ری سیٹ کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے نظام درست ہوگا، کرپشن کا خاتمہ ہوگا اور اقتدار تک عوام کی رسائی ہوگی۔
خدا کرے ایسا ہی ہو۔
Lahore 26°C
Islamabad 25°C


