انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ انگلش ٹیم نے ہوبارٹ کے بیلیریو اوول میں پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اننگز میں 328 رنز بنائے۔ بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 133 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ول جیکس نے 59 اور ٹام بیٹن نے 44 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیک ایڈورڈز نے چار وکٹیں حاصل کیں، میٹ رینشا تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی اور ٹریوس ہیڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 46.5 اوورز میں 231 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ میٹ رینشا 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ایلکس کیری نے 37 اور جیک ایڈورڈز نے 31 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔ لیام ڈوسن نے تین جبکہ گس ایٹکنسن اور کپتان ہیری بروک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس کامیابی کے نتیجے میں انگلینڈ نے آٹھ سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیت لی اور تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔