مسقط: پاکستان کے اسنوکر کھلاڑی رانا عرفان نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ورلڈ کپ آف اسنوکر کا فائنل جیت کر عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔

فائنل میں رانا عرفان کا مقابلہ پاکستان کے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف سے ہوا، جہاں انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5-0 سے کامیابی حاصل کی۔

رانا عرفان نے مقابلے کے پہلے فریم میں 96-46، دوسرے میں 67-48 اور تیسرے فریم میں 64-1 سے کامیابی حاصل کی۔ چوتھے فریم میں 68 پوائنٹس کا بہترین بریک کھیلتے ہوئے 91-12 سے فتح حاصل کی، جبکہ پانچواں فریم بھی 69-6 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی بھی قابلِ ذکر رہی۔ محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والے چار کھلاڑیوں میں سے تین کا تعلق پاکستان سے تھا۔

فائنل میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کی رسائی کے بعد یہ طے ہوگیا تھا کہ ورلڈ کپ آف اسنوکر کا ٹائٹل پاکستان ہی کے حصے میں آئے گا۔