چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے رات گئے پمز اسپتال میں طبی معائنے پر ردعمل دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات آنکھ میں انجیکشن لگانے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے اور علاج کی غرض سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی فیصلے کو تقریباً تین ماہ گزرنے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے جامع طبی معائنے، ضروری ٹیسٹ اور مناسب علاج کا انتظام یقینی بنایا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور علاج کے لیے ان کے ذاتی معالج اور اہل خانہ کے ایک فرد پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے زور دیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مزید تاخیر کے بغیر اس کی اصل روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عملدرآمد کیا جائے۔
Lahore 27°C
Karachi 32°C
Islamabad 24°C


