کونیا: ترکیہ کے شہر کونیا میں کونیا اسپور اور فلسطین کی قومی فٹبال ٹیم کے درمیان کھیلا گیا میچ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے منفرد انداز کے باعث توجہ کا مرکز بن گیا۔

مقابلے کے اختتام پر ریفری نے مقررہ وقت مکمل ہونے سے صرف ایک سیکنڈ قبل 89 منٹ اور 59 سیکنڈ پر میچ ختم کرنے کی سیٹی بجائی۔

میچ کے فوراً بعد اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر ایک علامتی پیغام دکھایا گیا، جس میں کہا گیا کہ "فلسطین کے آزاد ہونے تک میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔"

مقابلے کے ابتدائی مرحلے میں بھی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ کھیل کے 10 منٹ اور 14 سیکنڈ پر اسٹیڈیم کی روشنیاں بند کر دی گئیں۔

منتظمین کے مطابق یہ اقدام 7 اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی حملوں میں جان سے جانے والے فلسطینی کھیلوں سے وابستہ افراد کی یاد میں کیا گیا۔ اس موقع پر پچ پر رنگ برنگی کنفیٹی اور کھلونے بھی پھینکے گئے۔

اس منفرد اندازِ اظہارِ یکجہتی نے میچ کے دوران موجود شائقین کی خاص توجہ حاصل کی اور فلسطینی کھیلوں سے وابستہ افراد کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کا پیغام اجاگر کیا۔