اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان رانا مشہود نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون پروگرام کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور اسے وسعت دینے کے لیے ڈھائی کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ لون پروگرام میں ٹیئر فور متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ نوجوانوں کے کاروباری منصوبوں کے لیے قرضوں کی حد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرضہ اسکیم کے تحت آئی ٹی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کھیل، ٹیکنیکل ایجوکیشن، آرٹس اینڈ کلچر اور کاٹیج انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں میں کاروبار کرنے والے نوجوان مستفید ہوسکیں گے۔

رانا مشہود کے مطابق گزشتہ سال قرضوں کی فراہمی کے نتیجے میں 10 لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ ایک نوجوان کو قرض فراہم کرنے سے کم از کم تین افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

مشیر امور نوجوانان نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور رواں سال خواتین کو قرضوں کی فراہمی کا ہدف 30 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ خواتین کے کاروباری منصوبوں اور اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیئر تھری کے تحت قرضوں پر 7 فیصد جبکہ ٹیئر فور کے قرضوں پر 8 فیصد شرح سود وصول کی جائے گی، جبکہ اضافی مالی بوجھ حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں فیسلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ چھوٹے شہروں اور دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو بھی قرضوں کے حصول میں آسانی ہو۔

ان کے مطابق بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ نوجوانوں کے اسٹارٹ اپس کی ترقی کے لیے بھی خصوصی اقدامات جاری ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو ملازمتیں تلاش کرنے کے بجائے روزگار فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے۔ وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے ذریعے مزید 10 لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔