اسلام آباد: پاکستانی ویٹ لفٹر صائمہ شہزاد نے ایشین ماسٹرز اینڈ ورلڈ ماسٹرز گراں پری 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 کلوگرام کیٹیگری میں سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
اسلام آباد میں منعقد ہونے والا دوسرا ایشین ماسٹرز اینڈ ورلڈ ماسٹرز گراں پری 20 سے 25 اکتوبر تک جاری رہا۔ چھ روزہ ایونٹ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام پاکستان ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اشتراک سے کیا۔
ایونٹ کے لیے منتظمین نے 21 ممالک سے تقریباً 250 کھلاڑیوں کی شرکت کی توقع ظاہر کی تھی۔
صائمہ شہزاد اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تمغہ جیت چکی ہیں۔ انہوں نے 2019 میں منعقد ہونے والی 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں ویٹ لفٹنگ کی 55 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
گراں پری میں گولڈ میڈل جیت کر صائمہ شہزاد نے اپنے کھیل کے میدان میں ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
Lahore 22°C


