پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کے انٹرویو سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران برطانوی براڈکاسٹر نے عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیا تھا۔ ان کا انٹرویو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرویو کی نشریات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ناراضی کا اظہار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کی میدان میں واپسی میں کچھ تاخیر ہوئی۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ انہیں اس معاملے کے بارے میں کوئی علم نہیں اور وہ اس بات سے بھی آگاہ نہیں کہ پی سی بی نے انٹرویو کے حوالے سے انگلینڈ کرکٹ حکام سے کوئی شکایت کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم معمول کے مطابق کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی تھی اور انٹرویو کی وجہ سے ٹیم کی واپسی میں کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوئی۔
کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمام ذمہ داری کھلاڑیوں پر عائد کردی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی ٹیم ہے اور ملک کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں۔ محمد رضوان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا ماضی میں ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں، تاہم اگر موجودہ میچز میں ان کے رنز نہیں بن رہے تو بطور ہیڈ کوچ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ سیریز مکمل ہونے کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، کھلاڑیوں سے بات چیت ہوگی اور اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ ٹیم میں کن کھلاڑیوں کو برقرار رکھنا ہے اور کن میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
Lahore 37°C
Karachi 30°C


