پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ حادثاتی طور پر دروازے سے ٹکرا کر چہرے اور آنکھ کے گرد زخمی ہوگئیں، جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو اپنی صحت سے آگاہ کیا۔

آئمہ بیگ نے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنی تصویر شیئر کی، جس میں ان کے چہرے پر چوٹ کے نشانات واضح دکھائی دے رہے تھے۔

گلوکارہ کے مطابق وہ پہلے ہی فلو، گلے کی تکلیف اور بخار میں مبتلا تھیں کہ اسی دوران ان کا چہرہ زور سے دروازے سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں آنکھ کے اطراف شدید چوٹ آئی اور انہیں کافی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں صبح تقریباً ساڑھے 4 بجے آئمہ بیگ نے ایک ویڈیو کے ذریعے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چوٹ کے بعد متاثرہ حصے پر مسلسل برف لگا رہی ہیں تاکہ سوجن اور تکلیف میں کمی آسکے۔

آئمہ بیگ نے کہا کہ اس سے قبل انہیں کبھی اتنا بڑا نیل نہیں پڑا تھا۔ گلوکارہ کی جانب سے صحت سے متعلق اپ ڈیٹ سامنے آنے کے بعد مداحوں نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔