بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے مقدمے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مبینہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، تاہم تفتیش کے دوران اس کی عمر 18 سال سے کم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر کی خصوصی عدالت نے ملزم کی عمر سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اسے نابالغ قرار دے دیا۔ عدالت نے جووینائل جسٹس ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت کارروائی مکمل ہونے پر ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے جووینائل جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
ملزم کے والد نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ واقعے کے وقت ان کا بیٹا نابالغ تھا، اس لیے اس کے خلاف بالغ ملزمان کے بجائے بچوں سے متعلق قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔
رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ تفتیشی رپورٹ میں اس کی تاریخ پیدائش 30 نومبر 2008 درج ہے۔ وہ رواں ماہ 30 نومبر کو 18 برس کا ہوجائے گا۔ پولیس کے مطابق وہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والا پہلا ملزم ہے۔
واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو مبینہ حملہ آوروں نے ایک ساتھی کی مدد سے فٹ بال گراؤنڈ سے روانگی کے وقت اداکار کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور پانچ گولیاں چلائیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور موقع پر موجود ایک وی لاگر زخمی ہوگئے تھے۔ بعد ازاں لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ رکن انیل پنڈت نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
Lahore 16°C
Islamabad 12°C


