اسلام آباد : انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کی مالی شمولیت بڑھانے اور انہیں کاروباری سرگرمیوں کے لیے معاونت فراہم کرنے کی غرض سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا ۔

ایس ای سی پی ٹاک سیریز کے تحت ’’مالیاتی آگاہی، نوجوان اور خواتین کی شمولیت‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہ پائیدار معاشی خودمختاری کے لیے سماجی ترقی کو معاشی مواقع سے منسلک کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو چھوٹے کاروبار کے لیے قرضوں کی فراہمی کے ساتھ مالیاتی امور سے متعلق آگاہی دینا بھی اہم ہے۔

اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ مالیاتی آگاہی کی کمی کیپٹل مارکیٹ میں عوامی شرکت کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ ایس ای سی پی خواتین کو کاروبار کے لیے چھوٹے قرضوں کی آسان فراہمی بڑھانے اور نوجوانوں کو مالی معاملات میں باخبر فیصلے کرنے کے قابل بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت مالیاتی آگاہی اور سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ای سی پی کی ٹیمیں ملک بھر، بالخصوص جامعات میں نوجوانوں کو بچت، سرمایہ کاری اور مالی فراڈ سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔

سیمینار کے دوران ایس ای سی پی حکام نے خواتین کی مالی شمولیت اور مالیاتی آگاہی کے پروگراموں سے متعلق بریفنگ دی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ نان بینک مائیکروفنانس کمپنیوں کے فعال قرض داروں میں خواتین کا تناسب 81.9 فیصد ہے، جبکہ مالی سال 2026 کے دوران ان کمپنیوں نے خواتین کو مجموعی طور پر 236 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے۔

بریفنگ کے مطابق مالیاتی آگاہی پروگرام کے تحت 432 اسکولوں کے 1,500 اساتذہ اور گلگت بلتستان کے 10 کالجوں کے 2,000 طلبہ تک رسائی حاصل کی گئی۔

سیمینار میں خواتین، نوجوانوں اور بحران سے متاثرہ آبادیوں تک مالیاتی تعلیم کی فراہمی اور اس حوالے سے مشترکہ اقدامات کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔