اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی سینئر اداکار فردوس جمال نے بھارتی اداکار شاہ رخ خان سے متعلق اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا ہےجس میں انہوں نے کہا تھا کہ شاہ رخ خان ایک اداکار کے مقابلے میں کہیں بڑے اسٹار ہیں۔


واضح رہے کہ فردوس جمال اس سے قبل شاہ رخ خان کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ وہ اچھے اداکار نہیں اور دلیپ کمار اور شاہ رخ خان کا موازنہ کرنا بے معنی ہے، انہوں نے شاہ رخ خان کے تلفظ اور ادائیگی پر بھی تنقید کی تھی، جبکہ ان کے جسمانی خدوخال کو بھی معیار کے مطابق قرار نہیں دیا تھا۔


فردوس جمال نے حال ہی میں یوٹیوب کے ایک چینل کو انٹرویو میں بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان سے متعلق اپنے سابقہ بیان کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے شاہ رخ خان کے خلاف کچھ نہیں کہا تھا، میں ان کا مداح ہوں، وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور دلیپ کمار کی فنی روایت کا تسلسل ہیں۔


فردوس جمال نے کہا کہ ہر اداکار کا اپنا ایک فکری اور فنی مکتب ہوتا ہے، میرا تعلق دلیپ کمار کے مکتبِ فکر سے ہے، شاہ رخ خان جیسے اداکار مختلف ہیں، مختلف اداکار مختلف لوگوں سے متاثر ہوتے ہیں، جبکہ میں دلیپ کمار، محمد علی، آغا طالش اور علاؤالدین جیسے اداکاروں سے متاثر ہوں۔


انکا کہنا تھاکہ ایک اداکار کے سفر کی ابتداء اور بنیاد دوسروں سے سیکھنے سے ہوتی ہے، انسان بنیادی طور پر نقل کرنے والا فنکار ہے، آدم سے لے کر آج تک ہم ہر چیز نقل کرتے اور سیکھتے آئے ہیں، اس میں کوئی برائی نہیں، سیکھنا ایک بڑی صلاحیت ہے، اسے منفی انداز میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، یہ انسان کی فطرت ہے۔


انہوں نے اداکارہ ماہرہ خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان میرا مسئلہ نہیں ہیں، انہیں میرا مسئلہ نہ بنائیں، نہ وہ میری اہلیہ ہیں اور نہ ہی میرے خاندان کا حصہ، تو پھر انہیں اس معاملے میں کیوں گھسیٹا جا رہا ہے؟ یہ اچھی بات ہے کہ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔