گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ بجٹ میں یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ہنزہ کیمپس کے دورے کے موقع پر طلبہ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں اسکالرشپ پروگرام کا اجرا ایک اہم اقدام ہے، جس سے علاقے میں بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کی وسیع صلاحیت رکھتا ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو بہترین مہمان نوازی فراہم کرنا اور علاقے کے قدرتی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور حکومت انہیں ان کی دہلیز پر تعلیم، تربیت اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہیں امید ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں، محنت اور لگن کے ذریعے دنیا بھر میں کامیابیاں حاصل کرکے گلگت بلتستان اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ حصولِ علم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اگر اپنا قیمتی وقت ضائع کیے بغیر محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تو وہ روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں اور عملی زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور ترقی کے مواقع ان کی دہلیز تک پہنچانا شامل ہے۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔