اسلام آباد: وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کے لیے قائم کردہ نامزد سیاسی و انتظامی سیٹ اپ کے درمیان عبوری مالیاتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت صوبہ قومی اقتصادی اقدامات کے لیے وفاق کو سالانہ 157 ارب روپے نقد گرانٹ فراہم کرے گا۔

معاہدے کے مطابق چاروں صوبوں کی جانب سے وفاقی حکومت کو مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس رقم میں پنجاب کا حصہ 556 ارب روپے، سندھ کا 264 ارب روپے، خیبرپختونخوا کا 157 ارب روپے جبکہ بلوچستان کا حصہ 58 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ایک سینئر افسر کے مطابق معاہدے پر رواں ماہ کے آغاز میں دستخط کیے گئے۔ خیبرپختونخوا کی ایڈوائزری کونسل کے مشیر برائے خزانہ و محصولات طارق پاشا نے بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت وفاق اور صوبے کے درمیان نقد گرانٹ کی فراہمی پر اتفاق ہوا ہے۔

معاہدے کے تحت رواں مالی سال جولائی سے اکتوبر کے دوران خیبرپختونخوا کے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں حصے سے منہا کیے گئے 17.8 ارب روپے کو بھی قانونی تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے چار ماہ میں چاروں صوبوں نے وفاقی حکومت کو مجموعی طور پر 107.3 ارب روپے فراہم کیے۔ اس میں پنجاب کے 55.7 ارب، سندھ کے 27.3 ارب، خیبرپختونخوا کے 17.8 ارب اور بلوچستان کے 6.5 ارب روپے شامل ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق یہ رقم صوبوں کی جانب سے سالانہ طے شدہ مالی معاونت کا 10.3 فیصد بنتی ہے۔ ابتدائی تین ماہ میں چاروں صوبوں کی مجموعی ادائیگی 57.5 ارب روپے رہی تھی، جس میں خیبرپختونخوا کے 12.7 ارب روپے شامل تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے سابق مشیر خزانہ مزمل اسلم نے صوبے کے حصے سے رقم منہا کیے جانے پر اعتراض اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے اپنے بجٹ میں نقد گرانٹ کی کوئی رقم مختص نہیں کی تھی، اس لیے وفاق نے یکطرفہ طور پر 12.7 ارب روپے براہ راست منہا کیے۔

وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے بعد اس کے مالی معاملات پر دباؤ بڑھا ہے، کیونکہ اس ایوارڈ کے تحت ایف بی آر کے خالص ٹیکس محصولات میں صوبوں کا حصہ بڑھا کر 57.5 فیصد کردیا گیا تھا۔

تاہم سرکاری اعدادوشمار کے مطابق وفاق نے گزشتہ 16 برسوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر 3.5 ہزار ارب روپے خرچ کیے، جبکہ آڈیٹر جنرل پاکستان کے مطابق 2010 سے اب تک صوبائی دائرہ اختیار کے شعبوں پر وفاقی اخراجات 5 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔ یوں صوبائی نوعیت کے معاملات پر وفاقی اخراجات کا مجموعی حجم تقریباً 8.5 ہزار ارب روپے بتایا گیا ہے۔

معاہدے میں بلوچستان کی جانب سے مالی معاونت کو دو شرائط سے مشروط کیا گیا ہے۔ ان میں ایف بی آر کی جانب سے 15 ہزار 264 ارب روپے ٹیکس وصولی اور بلوچستان کو گزشتہ سال کے برابر 737 ارب روپے کا حصہ ملنے کی یقین دہانی شامل ہے۔

ادھر وفاقی حکومت رواں ماہ آبی شعبے کے چھ ترجیحی منصوبوں کے لیے 275 ارب روپے کی منظوری بھی دے چکی ہے۔ معاہدے کے مطابق وزارت خزانہ وفاقی حکومت کے مالی معاملات اور ملک بھر پر اثرانداز ہونے والے مالی امور کی ذمہ دار ہوگی۔