اسلام آباد: مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اپنا دورۂ پاکستان مکمل کرنے کے بعد آج صبح اسلام آباد سے روانہ ہوگئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورۂ پاکستان کے دوران مالدیپ کے صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی کیا گیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر پاکستان مالدیپ بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے امکانات کو فروغ دینا تھا۔ فورم سے کاروباری تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی اہمیت کا حامل تھا۔ دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ نے دوستی، اسلامی بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے اور مستقبل پر مرکوز ایک مضبوط اور وسیع شراکت داری کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Lahore 32°C


